فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تجویز پر چار ملکی اجلاس کی میزبانی کر رہے ہیں، اسماعیل بقائی

تہران (جانوڈاٹ پی کے) ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی ہے کہ ایران آج پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے سینئر حکام کی میزبانی کر رہا ہے۔ ان کے مطابق چار ملکی اجلاس کی تجویز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیش کی تھی، جس پر ایران نے آمادگی ظاہر کی۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ اجلاس میں فلسطین، لبنان اور خطے کی مجموعی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔ انہوں نے علاقائی ممالک کے درمیان اعتماد سازی کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے مسائل کے حل کے لیے باہمی تعاون اور رابطوں کو فروغ دینا ہوگا۔

ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ تہران تمام حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ہر قسم کی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران اپنی قومی سلامتی کے دفاع کا حق استعمال کرے گا، کیونکہ ملک کو کسی بھی وقت جارحیت کا سامنا ہوسکتا ہے۔

بقائی کے مطابق چار ملکی اجلاس میں خطے کو درپیش اہم مسائل زیرِ بحث آئیں گے۔ لبنان میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیاں بھی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہوں گی۔

اسرائیلی انتخابات سے متعلق سوال پر ایرانی ترجمان نے کہا کہ انتخابی نتائج سے موجودہ صورتِ حال میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئے گی۔

دوسری جانب اسماعیل بقائی نے تصدیق کی کہ قطر کا وفد بھی ایران پہنچا ہے اور دوحہ خطے میں مصالحتی کردار ادا کر رہا ہے۔

تہران میں ہونے والی یہ سفارتی سرگرمیاں ایسے وقت میں جاری ہیں جب خطے میں کشیدگی کم کرنے، علاقائی سلامتی کو بہتر بنانے اور تنازعات کے حل کے لیے مختلف ممالک کے درمیان رابطوں کی کوششیں جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button