ریاست، مسلح افواج اور شہداء کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، مولانا فضل الرحمان متنازع بیان واپس لیں، طلال چوہدری

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے کسی کی ذاتی لڑائی نہیں، ہم ریاست، مسلح افواج اور شہداء کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سیاست کا معیار اتنا نہیں گرانا چاہیے کہ شہادتوں کو متنازع بنا دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہادت کو زیر بحث لاکر سیاست کی جائے تو اس کا مطلب ہے کہ سیاست ختم ہوگئی۔ وزیر داخلہ نے ابھی بہت کم بات کی ہے اور وہ مزید بھی بہت کچھ کہنا چاہتے ہیں، مناسب موقع پر اس حوالے سے مزید بات کریں گے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت کے لوگوں کی جانب سے وضاحتیں سامنے آرہی ہیں، تاہم اگر مولانا فضل الرحمان خود وضاحت پیش کریں گے تو بات کسی نتیجے پر پہنچ سکتی ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ دہشت گرد کو دہشت گرد کہنا ہوگا، ان کی مذمت اور ان کے خلاف کارروائیوں میں بھی مولانا فضل الرحمان کو حکومت کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ ہماری صرف یہی شرط ہے کہ دہشت گرد کو دہشت گرد کہا جائے۔



