خطے میں مکمل جنگ بندی ضروری ہے، کسی ایک محاذ پر لڑائی بھی پوری جنگ کے جاری رہنے کے مترادف ہے، ایران

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق لبنانی ٹی وی نیٹ ورک المیادین کو انٹرویو دیتے ہوئے سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران لبنان پر اسرائیلی حملے رکوانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ایران اور امریکا کے درمیان جون میں طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں بھی شامل کیا گیا تھا۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل نے ایران اور لبنان پر حملے کرکے اسلام آباد مفاہمت کی خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا کہ وہ اپنے وعدوں کی پاسداری کرے گا۔
سعید خطیب زادہ نے امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ کو بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز کو سات روز کے اندر دوبارہ کھولنے کی تجویز بھی پیش کی تھی۔



