جدہ ایئرپورٹ پر اچانک فلائٹ آپریشن معطل، 30 پروازیں 45 منٹ تک فضا میں چکر لگاتی رہیں

جدہ(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے جدہ ایئرپورٹ پر اچانک فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے باعث مختلف ممالک سے آنے والی متعدد پروازیں فضا میں چکر لگاتی رہیں، تاہم 45 منٹ بعد آپریشن بحال ہونے پر 30 پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی۔
فلائٹ ڈیٹا کے مطابق جدہ ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت عارضی طور پر روک دی گئی تھی، جس کے باعث مختلف شہروں سے آنے والے طیاروں کو لینڈنگ کلیئرنس کے لیے انتظار کرنا پڑا۔ ایئرپورٹ دوبارہ کھلنے کے بعد لینڈنگ کے منتظر طیاروں نے رن وے کی جانب اپروچ شروع کر دی۔
آپریشن کی بندش کے دوران دوحہ، بحرین، کوالالمپور، القسیم، دبئی، روم، قاہرہ، استنبول، تبوک، ایمسٹرڈم اور میونخ سمیت مختلف شہروں سے آنے والی پروازیں متاثر ہوئیں۔
اسی طرح کراچی، لاہور، دہلی، ڈھاکا، جکارتہ، مالے، دمام، فرینکفرٹ، الجزائر، سکاکا اور خرطوم سے آنے والے طیارے بھی لینڈنگ کی اجازت ملنے تک فضا میں چکر لگاتے رہے۔
تقریباً 45 منٹ کی بندش کے بعد فلائٹ آپریشن بحال کر دیا گیا، جس کے بعد لینڈنگ کے منتظر طیاروں کو مرحلہ وار کلیئرنس ملنا شروع ہوگئی۔
تاحال دستیاب فلائٹ ڈیٹا میں جدہ ایئرپورٹ پر آپریشن اچانک معطل کیے جانے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی۔



