آزاد کشمیر الیکشن کا دوسرا مرحلہ، پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا

مظفرآباد (جانوڈاٹ پی کے) آزاد کشمیر الیکشن کے دوسرے مرحلے کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری رہے، پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا۔
آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہنا تھا تاہم اب الیکشن کمیش نے پولنگ کا عمل ایک گھنٹہ بڑھا دیا ہے۔
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ شام 6 بجے تک جاری رہےگی، مظفرآباد ڈویژن کے ووٹرز اب شام 6 بجے تک اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرسکیں گے، ووٹرزکی زیادہ تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹےکی توسیع کی گئی۔
مظفر آباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ووٹ کاسٹ کئے جا رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، مظفرآباد ڈویژن میں 208 اور مہاجرین کی نشستوں پر 143 امیدوار مد مقابل ہیں۔
حکام کے مطابق مجموعی طور پر 12 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنے حق رائے دہی استعمال کریں گے، ووٹنگ کے عمل کیلئے 1483 پولنگ سٹیشنز اور 2219 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں، 3 انتخابی حلقوں ایل اے 28، ایل اے 29 اور ایل اے 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز کیلئے 8 سکیورٹی اہلکار، حساس کیلئے 6 اور نارمل پولنگ سٹیشنز کیلئے 4 اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت 25 جماعتیں اور ان کے علاوہ آزاد امیدوار بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، ضلع مظفرآباد کی 5 نشستوں پر 4 لاکھ 80 ہزار 219 ووٹرز، ضلع نیلم کی 2 نشستوں کیلئے ایک لاکھ 51 ہزار 911 ووٹرز، جبکہ جہلم ویلی کی 2 نشستوں پر ایک لاکھ 77 ہزار 500 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفیٰ مغل نے ووٹرز سے حق رائے دہی استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر شہری اپنا قومی فرض ادا کرے، اپنے ووٹ کی طاقت سے بہتر مستقبل اور اہل قیادت کا انتخاب کریں، پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق انتخابات کے تیسرے مرحلے میں 10 اگست کو پونچھ ڈویژن میں انتخابات ہوں گے، اس سلسلہ میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ایل اے 27 مظفرآباد ون میں پولنگ ملتوی
ایل اے 27 مظفر آباد ون میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پولنگ ملتوی کر دی گئی، بارش اور لینڈسلائیڈنگ کے باعث پولنگ کا عملہ نہ پہنچ سکا۔
آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 27 کے ملتوی الیکشن 4 اگست کو ہوں گے، چیف الیکشن کمشنر آزاد کمشیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارش اور لینڈسلائیڈنگ سے انتخابی عمل کے حلقے میں نہ پہنچنے کے باعث پولنگ ملتوی کی گئی، پیپلزپارٹی کے اعتراضات پر کارروائی کر کے انہیں آگاہ کر دیا گیا۔
ایل اے-28 کے 71 پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ نہ پہنچنے پر شکایت ارسال
پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن سیل کے انچارج سردار عبدالشکور نے حلقہ ایل اے-28 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سید بازل نقوی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو باضابطہ تحریری شکایت ارسال کرتے ہوئے 71 پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ مقررہ وقت تک نہ پہنچنے پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شکایت میں کہا گیا ہے کہ پولنگ سٹیشنز پر انتخابی عملہ نہ پہنچنے کے باعث مقررہ وقت پر پولنگ کا آغاز نہیں ہو سکا، جس کے نتیجے میں صبح سے انتظار کرنے والے ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور بڑی تعداد میں شہری اپنے حق رائے دہی سے محروم ہونے کے خدشے سے دوچار ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام متاثرہ 71 پولنگ سٹیشنز پر فوری طور پر انتخابی عملہ تعینات کیا جائے، پولنگ کے ضائع ہونے والے وقت کے ازالے کیلئے پولنگ کے اوقات میں مناسب توسیع کی جائے تاکہ کوئی ووٹر اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ رہے، جبکہ تمام متاثرہ پولنگ اسٹیشنز کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے۔
مزید کہا گیا کہ پولنگ شروع ہونے کے اصل وقت کو دستاویزی شکل دی جائے اور اس سنگین انتظامی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ملک بھر میں کشمیری مہاجریں کی 12 نشستوں پر بھی پولنگ
ملک بھر میں کشمیری مہاجریں کی 12 نشستوں پر بھی پولنگ جاری ہے۔
گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، پسرور، نارووال، قصور، علی پور چٹھہ، منڈی بہاؤ الدین، فیروزوالا میں بھی ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، ملتان، بہاولنگر اور لاڑکانہ میں بھی انتخابی میدان سج گیا ہے۔



