امریکا: فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے قریب فائرنگ، 3 افراد ہلاک، 7 زخمی


آئیڈاہو (ویب ڈیسک) امریکی ریاست آئیڈاہو کے شہر ٹوئن فالز میں ایک فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ ہفتے کے روز ایک مصروف شاپنگ ایریا میں ہوئی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مشتبہ حملہ آور واقعے کے بعد مردہ پایا گیا، تاہم اس کی موت کی وجوہات اور دیگر تفصیلات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ عوام کے لیے فوری خطرہ ختم ہو چکا ہے، جبکہ فائرنگ کا محرک تاحال معلوم نہیں ہو سکا۔
واقعے کی تحقیقات میں مقامی پولیس کے ساتھ وفاقی ادارے بھی شریک ہیں، جو حملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔