میرپور کے بعد مظفرآباد اور پنجاب میں بھی شیر کی جیت ہوگی،مریم اورنگزیب

لاہور(جانوڈاٹ  پی کے)سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں آج مظفرآباد اور پنجاب میں کشمیری مہاجرین کی نشستوں پر پولنگ جاری ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکن بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ "الحمدللہ میرپور کے عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن)، نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے شیر پر مہر لگائی۔” انہوں نے کہا کہ آج مظفرآباد اور پنجاب میں بھی کارکنوں اور ووٹرز کا یہی جوش و جذبہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے انتخابی کیمپوں کی رونق اس بات کا ثبوت ہے کہ ان شاء اللہ فتح مسلم لیگ (ن) ہی کی ہوگی۔

مریم اورنگزیب نے مخالف جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو جماعت شکست کے بعد رونے دھونے اور دھاندلی کے الزامات لگا رہی ہے، اسے سمجھنا چاہیے کہ انتخابات رونے، دھمکیوں یا الزام تراشی سے نہیں جیتے جاتے۔

انہوں نے کہا کہ "الیکشن کارکردگی، ووٹر کے اعتماد، عوام کے باہر نکلنے اور ووٹ کی پرچی پر مہر لگانے سے جیتے جاتے ہیں۔”

سینئر وزیر پنجاب نے مزید کہا کہ میرپور کے بعد اب مظفرآباد اور پنجاب میں بھی "شیر کی دھاڑ” سنائی دے گی، جبکہ اگلا مرحلہ پونچھ کا ہے، جس کے لیے مسلم لیگ (ن) نے بھرپور تیاری کر رکھی ہے اور ان شاء اللہ شیر ہی کامیاب ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button