ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی پھیلاؤ کیس، 37 افسران و ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) نے ولیکا اسپتال میں مبینہ طور پر ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے معاملے پر 37 افسران اور ملازمین کو حتمی شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

سیسی کمشنر ہادی بخش کلہوڑو کے مطابق یہ کارروائی جامع انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کی گئی ہے، جس میں سابق اور موجودہ افسران، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر عملے کی ذمہ داریوں کا جائزہ لیا گیا۔

نوٹس جاری کیے جانے والوں میں 10 اسٹاف نرسز، 7 نرس ایڈز، 5 لیڈی ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسرز، 2 کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشنز، 2 آڈٹ افسران اور 2 سابق ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، سابق میڈیکل سپروائزر، میٹرن، ڈپٹی میڈیکل آفیسر، لیڈی میڈیکل آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران و ملازمین کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

حتمی شوکاز نوٹس میں متعلقہ افراد پر مبینہ سنگین غفلت، فرائض میں کوتاہی اور مؤثر نگرانی نہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

سیسی کمشنر کے مطابق تمام نوٹس یافتگان کو اپنا مؤقف پیش کرنے اور ذاتی شنوائی کا مکمل حق دیا گیا ہے۔

نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام متعلقہ افسران اور ملازمین 14 روز کے اندر اپنا تحریری جواب جمع کرائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف یکطرفہ محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button