صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملے کا نوٹس، وزیراعظم آزاد کشمیر کی ذمہ داروں کی فوری گرفتاری کی ہدایت

مظفرآباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر مبینہ حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کو واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے سیکیورٹی کی خراب صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مبینہ طور پر ن لیگ سے تعلق رکھنے والے شرپسند عناصر نے چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کر کے ناقابلِ برداشت اقدام کیا، جس کی ہر پہلو سے تحقیقات ہونی چاہئیں۔
دوسری جانب، پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے بھی صدر آزاد کشمیر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد ڈویژن میں مخالفین کو اپنی شکست واضح دکھائی دے رہی ہے، اسی لیے ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں۔
نیئر بخاری نے کہا کہ چوہدری لطیف اکبر پر حملہ صرف ایک سیاسی رہنما پر نہیں بلکہ ریاست کے ایک آئینی عہدے پر حملہ ہے، لہٰذا حملہ آوروں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی دھونس، دباؤ اور تشدد کی سیاست سے مرعوب ہونے والی جماعت نہیں، جبکہ مظفرآباد میں ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچنے سے روکنے کے لیے مبینہ طور پر رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔
نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ "ووٹ کو عزت دو” کا بیانیہ کہیں دفن ہو چکا ہے، جبکہ آزادانہ اور بلاخوف حقِ رائے دہی کے استعمال کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کو انتخابی بے ضابطگیوں سے متعلق درجنوں شکایات بھی جمع کرا چکی ہے۔



