پاکستان کی عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے،بلال فاروق تارڑ

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) ایم این اے بلال فاروق تارڑ، ایم پی اے وقار چیمہ اور صدر انجمن تحفظ حقوق عوام نے کہا ہے کہ کشمیر کا استحصال ناقابلِ قبول ہے، کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق اور آزادی کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام اور حکومت کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر پوری قوم کو تشویش ہے۔ کشمیری عوام نے آزادی کی جدوجہد میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا۔رہنماؤں نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم مسئلہ ہے اور اس کے منصفانہ حل کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کی تاریخ، کشمیری عوام کی قربانیوں اور ان کے بنیادی حقوق کے بارے میں آگاہ کرنا بھی ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی جدوجہد کو ہر فورم پر اجاگر کیا جاتا رہے گا۔

مزید خبریں

Back to top button