میرپورخاص میں پریذیڈنٹ گولڈ کپ وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ آئندہ ماہ منعقد کیا جائے گا

میرپورخاص (شاھدمیمن) آئندہ ماہ ریجنل کرکٹ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ "پریذیڈنٹ گولڈ کپ وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ”میرپورخاص میں منعقد کیا جائے گا۔ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان تقی اور پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کی چیئر پرسن محترمہ رخسانہ راجپوت نے میرپورخاص اسپیشل اسپورٹس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن، گلستان معذورین (گاما اسٹیڈیم) کے دورے کے موقع پر ادارے کے سرپرست آفاق احمد خان، صدر قمرالدین ملک، جنرل سیکریٹری صلاح الدین، وسیم اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم کرکٹ ٹرافی اور پاکستان سپر لیگ (PSL) کے بعد ریجنل کرکٹ کا سب سے بڑا ٹورنامنٹ "پریذیڈنٹ گولڈ کپ وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ” آئندہ ماہ ایم بی بی ایس اسٹیڈیم (گاما اسٹیڈیم) میرپورخاص میں منعقد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے آٹھ وہیل چیئر کرکٹ ٹیمیں اور ایک سو سے زائد وہیل چیئر کرکٹرز اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس عظیم الشان کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے ملّی یکجہتی، یگانکت اور محبتوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے صوبائی محکمہ اسپورٹس، محکمہ ڈی ای پی ڈی، میئر میرپورخاص اور ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سے مطالبہ کیا کہ وہ اس عظیم الشان وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کے کامیابی سے انعقاد میں ان کی سرپرستی کریں۔ اس موقع پر آفاق احمد خان اور قمرالدین ملک نے کہا کہ اس سے قبل ان کا ادارہ دو مرتبہ آل پاکستان وہیل چیئر کرکٹ اور تین مرتبہ آل سندھ وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ منعقد کرواچکا ہے اور پریذیڈنٹ گولڈ کپ وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد سے میرپورخاص سمیت اندرون سندھ کے باصلاحیت افراد باہم معذورین کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کا موقع ملے گا اور وہ اپنی جسمانی معذوری کے احساس سے چھٹکارا حاصل کرکے معاشرے کا کارآمد اور فعال فرد بن سکیں گے۔ بعداذاں ذیشان تقی اور محترمہ رخسانہ راجپوت نے جشن آزادی کے سلسلے میں کیک کاٹا جبکہ معزز مہمانوں کو صلاح الدین، فیصل بروہی، جمعہ خان، جے رام، محمد عرفان اور نوید مگسی نے اجرک اور گلدستے کے تحائف پیش کئے۔



