ملک کے بڑے شہروں میں گرمی کی شدت برقرار، اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان، کراچی اور لاہور گرم رہیں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بڑے شہروں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مختصر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم صبح کے اوقات میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ بعد ازاں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔

لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں، جبکہ موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد تک رہ سکتا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے وقت درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گرمی کی شدت 37 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس کی جا رہی ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، زیادہ پانی پینے اور دھوپ میں کام کرنے والے افراد کو ہیٹ اسٹریس سے بچاؤ کے لیے احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button