2 ارب روپے تک کاروباری حجم رکھنے والے ادارے ایس ایم ای سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکیں گے،گورنر اسٹیٹ بینک

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ حکومت کاروبار کی لاگت، ٹیکسز اور توانائی کے مسائل حل کرنے کےلیے اقدامات کر رہی ہے۔ چھوٹے کاروبار کے سالانہ حجم کی حد 15 کروڑ سے بڑھا کر 40 کروڑ روپے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے حجم کی حد 80 کروڑ سے بڑھا کر 2 ارب روپے کردی گئی ہے۔
لاہور ایوان صنعت و تجارت میں خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ ایس ایم ایز کی فنانسنگ میں نمایاں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ زراعت، ہاﺅسنگ اور برآمدات کو بھی خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔ بغیر کولیٹرل قرضوں کی حد ایک کروڑ روپے سے بڑھا کر 5 کروڑ روپے کردی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایس ایم ایز کی تعریف میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، چھوٹے کاروبار کے سالانہ حجم کی حد 15 کروڑ سے بڑھا کر 40 کروڑ روپے کردی گئی ہے۔ درمیانے درجے کے کاروبار کےلیے حجم کی حد 80 کروڑ سے بڑھا کر 2 ارب روپے کردی گئی ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ 2 ارب روپے تک کاروباری حجم رکھنے والے ادارے ایس ایم ایز کی سہولتوں سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔
مرکزی بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا کہ حکومت کاروبار کی لاگت، ٹیکسز اور توانائی کے مسائل حل کرنے کےلیے اقدامات کر رہی ہے۔ ایس ایم ای قرضوں کےلیے درخواست فارم کو آسان بنا کر ایک صفحے تک محدود کردیا ہے۔



