پاریش راول نے اپنے42 سالہ فلمی کیریئر کی صرف 11 فلموں کو بہترین قرار دے دیا

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)نامور بھارتی اداکار پاریش راول نے اپنے کیریئر کے دوران صرف 11 فلموں کو اچھا قرار دے دیا۔

چار دہائیوں سے فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے بالی ووڈ کے نامور اداکار پاریش راول نے حال ہی میں اپنی فلم ’پاسٹ ٹینس‘ کے پریمیئر کے دوران اپنے فلمی سفر کے بارے میں کھل کر بات کی۔

فلم فیسٹیول کے دوران سوال و جواب کے سیشن میں جب ان سے فلموں کی تعداد سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ انہیں کل تعداد یاد نہیں لیکن انہیں صرف اپنی اچھی فلمیں یاد ہیں، جن کی تعداد محض 11 ہے۔

ان کے بیٹے آدتیہ راول نے بھی تصدیق کی کہ انہوں نے ان پسندیدہ فلموں کی گنتی کر رکھی ہے۔

پاریش راول کے مطابق فلم سردار (1993) میں کام کرنا ان کے دل کے سب سے قریب رہا اور انہوں نے اس کردار کے لیے سخت محنت کی تھی۔

اداکار نے 1997 کی فلم تمنا کو بھی اپنے لیے اچھا قرار دیا اور کہا کہ حقیقی زندگی کے کردار ’ٹیکو‘ پر مبنی اس فلم کا پہلا حصہ اور کردار انہیں بےحد پسند آیا، اگرچہ فلم کا دوسرا حصہ بہتر ہو سکتا تھا۔

اسی طرح اوئے لکی! لکی اوئے! (2008)، ممبئی میری جان (2008)، دی اسٹوری ٹیلر (2025)، ہیرا پھیری (2000) اور ڈکیت (1987) پاریش راول کی ان 11 منتخب فلموں کی فہرست میں شامل کیا۔

پاریش راول کا کہنا تھا کہ وہ تمام 11 فلموں کے نام تو نہیں بتاسکتے لیکن یہ ضرور ہے کہ 250 کے لگ بھگ فلموں میں سے 11 فلمیں ان کے نزدیک اچھی فلمیں ہیں۔

خیال رہے کہ پاریش راول نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز 1984ء میں فلم ہولی سے کیا اور ابتدائی دنوں میں نام (1986) قبضہ (1988) اور سر (1993) جیسی فلموں میں منفی (ولن) کرداروں سے شہرت حاصل کی۔

انہیں فلم سر اور فلم وہ چھوکری کے لیے ’بہترین معاون اداکار‘ کے قومی فلمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

بعد ازاں انہوں نے سنجیدہ اور ولن کے کرداروں سے کامیڈی کی طرف رخ کیا، جہاں فلم ہیرا پھیری (2000) میں ان کا کردار ’بابو راؤ گنپت راؤ آپٹے‘ انتہائی مقبول ہوا۔

انہوں نے متعدد کامیاب کامیڈی فلموں میں اداکاری کی، جن میں ہنگامہ، گرم مسالہ، چھپ چھپ کے، بھاگم بھاگ اور ویلکم اور ویلکم ٹو شامل ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button