دیپالپور: 18 سال سے مفرور اشتہاری ملزم جعلی موت کا ڈرامہ رچا کر بھی نہ بچ سکا

دیپالپور (وسیم احمد غوری/تحصیل رپورٹر/جانو ڈاٹ پی کے) دیپالپور میں تھانہ حویلی لکھا پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے قتل کے مقدمہ میں 2008 سے مطلوب اشتہاری ملزم اللہ دتہ کو 18 سال بعد گرفتار کر لیا جس نے گرفتاری سے بچنے کے لیے جعلی موت کا ڈرامہ رچا رکھا تھا اور اپنا جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی بنوا لیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم اللہ دتہ نے 2008 میں لڑکی کے اغواء کے تنازع پر عبد الحمید کو قتل کیا تھا جس کے بعد وہ مسلسل روپوش ہو گیا اور اشتہاری قرار دیا گیا۔ ملزم نے قانون سے بچنے کے لیے "احمد یار” کے نام سے جعلی شناخت اختیار کر رکھی تھی اور اپنا ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی بنوا لیا تھا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے اشتہاری کو ٹریس کیا۔ گرفتاری کے بعد اہل خانہ نے تصدیق کر دی کہ جعلی شناخت کے پیچھے اصل ملزم اللہ دتہ ہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جعلی موت کا ڈرامہ اور جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ بھی ملزم کو قانون کے ہاتھوں سے نہ بچا سکا اور مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button