وزن کم کرنے والی مقبول ادویات پر بڑا سوال! امریکا میں 90 سے زائد مقدمات دائر

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) امریکا میں وزن کم کرنے اور ذیابیطس کے علاج کے لیے مقبول GLP-1 ادویات کے استعمال سے بینائی متاثر ہونے کی شکایات سامنے آنے کے بعد دوا ساز کمپنیوں کے خلاف 90 سے زائد افراد نے مقدمات دائر کردیئے۔
متاثرین کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان ادویات کے استعمال کے بعد انہیں NAION نامی آنکھوں کی ایک نایاب بیماری لاحق ہوئی، جسے عام طور پر آنکھ کا فالج بھی کہا جاتا ہے۔ یہ بیماری بعض صورتوں میں مستقل بینائی سے محرومی کا سبب بن سکتی ہے۔
تاہم ماہرین کے مطابق ابھی تک یہ حتمی طور پر ثابت نہیں ہوا کہ GLP-1 ادویات ہی NAION کی براہِ راست وجہ ہیں۔ بعض مطالعات میں اس بیماری کے خطرے میں معمولی اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے، جبکہ دیگر تحقیقات میں GLP-1 ادویات اور بینائی کے اس مرض کے درمیان کوئی واضح تعلق سامنے نہیں آیا۔
یورپی ادویات ایجنسی کے مطابق ذیابیطس کے مریضوں میں ہر 10 ہزار GLP-1 استعمال کرنے والوں میں تقریباً ایک فرد کو اس نوعیت کی بینائی کی بیماری لاحق ہونے کا امکان ہوسکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ معاملے پر مزید تحقیق جاری ہے، اس لیے موجودہ شواہد کی بنیاد پر GLP-1 ادویات اور NAION کے درمیان قطعی وجہ اور اثر کا تعلق قرار دینا قبل از وقت ہوگا



