معرکہ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل، ملک بھر میں جشن کا سماں، شاندار آتش بازی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) معرکہ حق میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر شہر شہر جشن کا سماں ہے، ملک بھر میں چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں جن میں شرکاء نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

کراچی سے خیبر اور کشمیر سے گوادر تک معرکہ حق میں تاریخی کامیابی کا جشن منایا جا رہا ہے، شہر شہر میں نکلنے والی ریلیوں میں شہری پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں، آزاد کشمیر، پنجاب، سندھ ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں تقاریب منعقد ہوئیں جن میں ملکی حفاظت کیلئے ہر قربانی دینے کا عزم دہرایا گیا۔

میرپور آزاد کشمیر: چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد

میرپور آزاد کشمیر میں چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پرچم کشائی کی گئی اور کیک کاٹا گیا، تقریب کے اختتام پر پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

راولپنڈی: لیاقت باغ سے تاجروں اور شہریوں کی ریلی

راولپنڈی میں لیاقت باغ سے ریلی نکالی گئی جس میں تاجر برادری سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، قومی پرچم اٹھائے ریلی کے شرکاء نے پاک فوج اور فیلڈ مارشل کے حق میں نعرے لگائے۔

گوجر خان، وزیرآباد، علی پور، اوکاڑہ، لودھراں اور وہاڑی میں بھی ریلیاں

معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کی مناسبت سے گوجر خان، وزیرآباد، علی پور، اوکاڑہ، لودھراں اور وہاڑی میں بھی پاک فوج سے اظہار کیلئے ریلیوں کا اہتمام کیا گیا، شرکاء نے پاک افواج کے حق میں نعرے لگائے، افواج پاکستان اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

میلسی، احمد پور شرقیہ، شکار پور اور بھیرہ میں محب وطن شہریوں کا جشن

میلسی میں بھی معرکہ حق ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں مرکزی انجمن تاجران سول سوسائٹی اور شہریوں کی شرکت، احمد پور شرقیہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں طالبات نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

شکارپور میں سول ہسپتال سے پریس کلب تک ریلی کا انعقاد کیا گیا، جبکہ بھیرہ میں سکول کے بچوں نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کرکے ملکی افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔

صحبت پور، پھالیہ سمیت متعدد شہروں میں فتح کا جشن، ریلیاں

صحبت پور میں سماجی رہنما علی احمد کھوسہ کی قیادت میں نکالی گئی، جس میں شرکاء نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے، پھالیہ میونسپل کمیٹی میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

لاہور: معرکہ حق کی مناسبت سے پُرجوش سائیکل ریلی کا انعقاد

ملکی دفاع کی مضبوطی اور افواج پاکستان کی کامیابیوں کا جشن منانے کیلئے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن علی اعجاز کی زیر قیادت معرکہ حق کی مناسبت سے پرجوش سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، شہریوں کی کثیر تعداد نے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی میں شرکت کی۔

حاصل پور: جشنِ فتح کی مناسبت سے میونسپل کمیٹی میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ

آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر انتظامیہ کی جانب سے میونسپل کمیٹی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی، افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد میونسپل کمیٹی میں موجود تھی۔

ننکانہ صاحب: آپریشن بنیان مرصوص کی فتح کی خوشی میں میوزیکل کنسرٹ

ننکانہ صاحب علامہ اقبال پارک میں جشن فتح کی رنگا رنگ تقریب میں شہریوں نے پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، معرکہ حق کی فتح کی خوشی میں میوزیکل کنسرٹ اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جشن فتح کی خوشی میں قومی یکجہتی کے اظہار کیلئے کیک بھی کاٹا گیا۔

خوشاب: معرکہ حق کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر جشن کی تقریب کا اہتمام

خوشاب میں جشنِ معرکہ حق کی تقریب کا انعقاد کشمیر پارک جوہر آباد میں کیا گیا، جس میں رنگا رنگ آتشبازی سے آسمان روشنیوں سے جگمگا اٹھا، موسیقی کے خصوصی پروگرام نے شرکاء کا دل جیت لیا، تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی اور پاک فوج کے حق میں دُعا بھی کروائی گئی۔

بلوچستان کے ضلع اوستہ محمد میں شہریوں کی ریلی

اوستہ میں نکالی گئی ریلی کی قیادت صوبائی وزیر لائیو سٹاک میر فیصل خان جمالی اور سردار محمد ہارون خان جمالی نے کی، شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔

علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی، جعفرآباد، لیاقت پور اور ہری پور میں بھی ریلیاں نکالی گئیں جس میں شرکاء نے افواج پاکستان کے حق میں نعرے لگائے، میانوالی، لنڈی کوتل، پاکپتن، شکرگڑھ، رینالہ خورد، بہاولنگر، رحیم یار خان، ٹنڈو محمد خان، چمن، راجن پور اور کرک میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button