وزیرآباد: سابق چیئرمین کابھائی سیلابی ریلے میں بہہ گیا، سرچ آپریشن جاری

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) ڈھونیکی کے رہائشی و سابق چیئرمین بھٹی کے یونین کونسل محمد منشاء چیمہ کے بڑے بھائی افضل چیمہ نالہ پلکھو میں ڈوب کر لاپتہ ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو 1122 کا آپریشن آخری اطلاعات تک جاری تھا۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں تشویش اور غم کی لہر دوڑ گئی جبکہ عزیز و اقارب اور اہل علاقہ جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔عینی شاہدین کے مطابق افضل چیمہ اپنی زرعی اراضی کی جانب جا رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے نالہ پلکھو کے سیلابی پانی کو عبور کرنے کی کوشش کی تاہم پانی کا بہاؤ اور گہرائی زیادہ ہونے کے باعث وہ توازن برقرار نہ رکھ سکے اور پانی میں بہہ گئے۔ قریبی کھیتوں میں دھان کی فصل کاشت کرنے والے کسانوں نے بتایا کہ انہوں نے افضل چیمہ کو بچانے کی کوشش بھی کی، مگر وہ پانی میں غائب ہو گئے اور دوبارہ نظر نہ آ سکے۔اطلاع ملتے ہی ایم این اے بلال فاروق تارڑ کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری محمد اعجاز بھٹی اپنے ساتھیوں سمیت ریسکیو 1122 کی ٹیموں،ایریگیشن اوربھاری نفری اور ضروری آلات کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے اوراپنی نگرانی میں سرچ آپریشن شروع کروادیا، ریسکیو اہلکار نالہ پلکھو اور ملحقہ علاقوں میں مسلسل تلاش کر رہے ہیں، تاہم ابھی تک افضل چیمہ کا سراغ نہیں مل سکا۔مختار احمد وڑائچ بھی اپنے ساتھیوں کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی شدید بارشوں اور نالہ پلکھو میں آنے والی طغیانی کے باعث علاقے میں سیلاب جیسی صورتحال برقرار ہے۔ متعدد زرعی رقبوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے، جس کی وجہ سے آمدورفت بھی شدید متاثر ہے۔ اہل علاقہ نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پانی کے بہاؤ والے مقامات پر حفاظتی انتظامات مزید مو ثر بنائے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button