عوام کو ریلیف دو، ٹیکس کم کرو،جماعت اسلامی خواتین کا حکومت سے مطالبہ

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ضلعی ناظمہ مدثرہ طارق، نائب ناظمہ مزمل طاہر، فرح عرفان، مدیحہ عمران، طیبہ عمران اور فرح امتیاز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور مختلف ٹیکسز کے باعث عام آدمی شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پٹرولیم مصنوعات پر بھاری لیوی اور ٹیکس وصول کرکے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے، جس کا فوری تدارک ضروری ہے،حکومت پٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کرے اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد غیر ضروری ٹیکسز میں کمی کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرے۔ پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے نہ صرف موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے والے شہری متاثر ہوتے ہیں بلکہ اس کے اثرات براہِ راست ٹرانسپورٹ کے کرایوں، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، کاروباری سرگرمیوں اور روزمرہ زندگی کے اخراجات پر پڑتے ہیں، جس سے مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بھاری بل بھی عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوچکے ہیں، حکومت آئی پی پیز سے کیے گئے معاہدوں کا ازسرنو جائزہ لے اور ایسے معاہدے ختم کیے جائیں جو قومی خزانے اور عوام پر اضافی مالی بوجھ کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات کرتے ہوئے بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے لیے ٹھوس اور مستقل اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی نے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ عوام پہلے ہی بجلی، گیس، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں، ایسے میں مزید ٹیکسز اور لیوی کا نفاذ عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ اپنے اخراجات میں کمی، کرپشن کے خاتمے اور غیر ضروری مراعات ختم کرکے قومی وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرے۔جماعت اسلامی کی رہنماؤں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر 7 اگست کو پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی قیمتوں، پٹرولیم لیوی اور عوام پر عائد معاشی بوجھ کے خلاف ہونے والے احتجاج کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے شہریوں، تاجروں اور مختلف طبقات سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں تاکہ حکمرانوں تک عوام کی آواز مؤثر انداز میں پہنچائی جاسکے,عوام کو ریلیف دینا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، محض اعلانات اور دعووں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ہی عوام کو درپیش معاشی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہے۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل، مہنگائی کے خاتمے اور ایک منصفانہ معاشی نظام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔



