عظمیٰ بخاری کی ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست منظور، فریقین کو نوٹس

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فلک جاوید سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے اور جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عبہر گل خان نے صوبائی وزیر اطلاعات کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عظمیٰ بخاری کی جانب سے وکیل علی زاہد بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ اور ایڈیشنل سیشن جج کی جانب سے دیئے گئے فیصلے حقائق کے منافی ہیں جبکہ ٹرائل کورٹ نے درخواست گزار کا مؤقف بھی درست طور پر نہیں سنا۔
وکیل علی زاہد بخاری نے عدالت کو بتایا کہ عظمیٰ بخاری صوبائی وزیر ہیں اور انہیں ایک مذہبی تنظیم کی جانب سے مبینہ خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ صوبائی وزیر کو ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی اجازت دی جائے اور ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فلک جاوید سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے اور ان سے جواب طلب کر لیا۔



