پنجاب اور امریکی قونصلیٹ کا ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق، فلم سٹی اور تھیٹر بحالی منصوبوں پر گفتگو

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب اور امریکن قونصلیٹ لاہور نے ثقافت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے امریکی قونصل جنرل لاہور سٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی، جس میں سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی اور سیاسی و اکنامک ایڈوائزر صدف سعد بھی شریک تھے۔

ملاقات کے دوران امریکی قونصل جنرل نے پنجاب فلم سٹی کے قیام اور صوبے میں تھیٹر کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر لاہور میں امریکی فنکاروں اور الحمراء آرٹس کونسل کے درمیان مشترکہ شراکت داری قائم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مختلف عوامی فلاحی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں خواتین، طلبہ اور کسانوں کے لیے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت پنجاب میں ایک لاکھ 70 ہزار گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد عوام کو بہتر رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔

مزید خبریں

Back to top button