امریکا کے ایران پر نئے فضائی حملے، بندر عباس میں دھماکے، متعدد ایرانی ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فوج نے ایران کی ایک اور فوجی سائٹ کو نشانہ بناتے ہوئے نئے فضائی حملے کیے ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق نشانہ بنائی گئی ایرانی فوجی سائٹ آبنائے ہرمز میں امریکی افواج اور بین الاقوامی تجارتی بحری ٹریفک کیلئے خطرہ بن رہی تھی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد امریکی افواج اور تجارتی جہازوں کو لاحق خطرات کا خاتمہ کرنا تھا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی مخصوص فوجی اہداف کے خلاف کی گئی۔ اس سے قبل ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس نے رپورٹ کیا تھا کہ بندر عباس کے مشرقی علاقے میں مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق دھماکوں کی نوعیت اور درست مقام فوری طور پر واضح نہ ہو سکا، تاہم بندر عباس کے فضائی دفاعی نظام کو مختصر وقت کیلئے فعال کر دیا گیا تھا۔
امریکی حکام نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ کارروائی کے دوران متعدد ایرانی ڈرونز بھی مار گرائے گئے، جبکہ صورتحال پر امریکی فوج مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز میں عالمی تجارتی سرگرمیوں اور تیل کی ترسیل کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔



