ٹرمپ انتظامیہ نے گرین کارڈ قوانین مزید سخت کر دیے، درخواست گزاروں کیلئے نئی پابندیاں


واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز نے گرین کارڈ حاصل کرنے کے عمل کو مزید سخت کر دیا ہے، جس کے بعد اب درخواست گزاروں کو عمومی طور پر بیرون ملک سے ہی امریکہ میں مستقل رہائش کیلئے اپلائی کرنا ہوگا۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز نے واضح کیا ہے کہ غیر ملکی افراد جو امریکہ میں مستقل رہائش یا گرین کارڈ حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں امریکی محکمہ خارجہ کے ذریعے امریکہ سے باہر ہی درخواست دائر کرنا ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق صرف انتہائی غیر معمولی صورتحال میں ہی کسی شخص کے سٹیٹس کو امریکہ کے اندر رہتے ہوئے ایڈجسٹ کیا جا سکے گا۔ یو ایس سی آئی ایس کے ترجمان زیک کاہلر کا کہنا ہے کہ امریکہ میں عارضی طور پر مقیم غیر ملکی افراد، جو گرین کارڈ حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں اپنے آبائی ممالک واپس جا کر درخواست دینا ہوگی۔
نئی گائیڈ لائن میں جن نان امیگرینٹس کا ذکر کیا گیا ہے ان میں انٹرنیشنل طلبہ، عارضی ورکرز اور سیاح شامل ہیں۔