سہیل آفریدی کی درخواست پر سماعت ملتوی، وکلاء کو پشاور ہائیکورٹ کی آخری وارننگ

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) پشاور ہائیکورٹ نے ہری پور ضمنی الیکشن کے دوران سرکاری افسران سے متعلق بیان کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی درخواست پر سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

جسٹس ارشد علی اور جسٹس محمد فہیم ولی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی، جس کے دوران درخواست گزار اور الیکشن کمیشن کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے۔سہیل آفریدی کے وکیل نے آج ہی وکالت نامہ جمع کرانے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے مزید تیاری کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ اس پر جسٹس ارشد علی نے ریمارکس دیے کہ بار بار ایسی درخواستیں نہیں ہو سکتیں۔عدالت نے سہیل آفریدی کے وکلاء کو آخری وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر اگلی سماعت پر کوئی پیش نہ ہوا تو معاملے کا فیصلہ قانون کے مطابق کیا جائے گا۔دوران سماعت الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لا خرم ذیشان نے بتایا کہ درخواست گزار کی استدعا پر کیس کی سماعت اب تک چھ مرتبہ ملتوی ہوچکی ہے، جس پر انہوں نے مزید التوا کی مخالفت کی۔الیکشن کمیشن کے قانونی نمائندے کے مطابق کمیشن میں بھی معاملے کے میرٹ پر سماعت ہوچکی ہے اور اس موقع پر سہیل آفریدی کی جانب سے کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے تاحال کیس میں کوئی حتمی فیصلہ جاری نہیں کیا۔

مزید خبریں

Back to top button