تھرپارکر انتظامیہ کا ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

تھرپارکر (رپورٹ؛ میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالکلیم جگرانی نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو ضروری اشیائے خورونوش سرکاری طور پر مقرر کردہ اور مناسب نرخوں پر دستیاب بنانے کو یقینی بنایا جائے، جبکہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ مٹھی کے کانفرنس ہال میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کی روک تھام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بازاروں میں قیمتوں کی مؤثر نگرانی ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں باقاعدگی سے مارکیٹوں کا معائنہ کریں اور دودھ، گوشت، مرغی، پھل، سبزیاں، آٹا، کریانہ اور دیگر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے تاجروں اور دکانداروں کو مقررہ نرخوں پر اشیاء کی فروخت کا پابند بنائیں۔عبدالحلیم جگرانی نے ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی طور پر قیمتیں بڑھانے میں ملوث تاجروں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اجلاس کے دوران تاجروں کے نمائندوں کی مشاورت سے روزمرہ استعمال کی ضروری اشیائے خورونوش کے نرخ مقرر کیے گئے اور تازہ سرکاری نرخ نامہ بھی جاری کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-I ہاشم مسعود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II عمیر اشرف، اسسٹنٹ کمشنرز، متعلقہ محکموں کے افسران اور تاجر تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button