ایران امریکا کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کی سفارت کاری، اسحاق ڈار نے اہم تفصیلات بتادیں

 اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے دوران عالمی رہنماؤں کے سامنے پاکستان کا مؤقف واضح اور مؤثر انداز میں پیش کیا۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے وزیراعظم کے دورۂ نیویارک کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں اہم عالمی اور علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا، بالخصوص کشمیر اور فلسطین کے معاملات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف، بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور خطے کی صورتحال سے عالمی برادری کو آگاہ کیا، جبکہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر بھی بات کی گئی۔اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کے لیے سفارتی کردار ادا کیا۔ پاکستان کی کوششوں کے نتیجے میں جون میں اسلام آباد میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کا عمل آگے بڑھا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں آبنائے ہرمز اور باب المندب سمیت اہم عالمی بحری راستوں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور انہیں عالمی معیشت کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کھلا رکھنے پر زور دیا۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ دورۂ نیویارک کے دوران وزیراعظم کی مختلف ممالک کے سربراہان اور عالمی شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور، معاشی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی، جس میں علاقائی کشیدگی کم کرنے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

نائب وزیراعظم کے مطابق وزیراعظم نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر اہم اجلاسوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، جبکہ پاکستان کی ترجیحات اور کشمیر و فلسطین سے متعلق اصولی مؤقف کو بھی اجاگر کیا گیا۔ اسحاق ڈار خود بھی دورے کے دوران اقوام متحدہ اور او آئی سی کے اجلاسوں میں شریک ہوئے اور مختلف ہم منصبوں سے ملاقاتیں کیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم نے افغانستان سے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے معاملے کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا، جبکہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس، پرنس رحیم آغا خان اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سمیت عالمی شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے معاشی، سماجی اور ترقیاتی معاملات اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو ہوئی۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور رابطے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اہم رہے۔

مزید خبریں

Back to top button