آبنائے ہرمز کھلا رکھنے پر اہم پیشرفت، ایران سے مذاکرات مثبت رہے، امریکی سفارتکار

برگن اسٹاک(ویب ڈیسک) امریکی سفارتکار نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے معاملے پر اہم پیشرفت ہوئی ہے، جبکہ فریقین کے درمیان ہونے والی بات چیت کو مثبت قرار دیا گیا ہے۔
امریکی ویب سائٹ کے مطابق سفارتکار نے بتایا کہ مذاکرات کے دوران آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے تسلسل اور خطے میں استحکام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں حوصلہ افزا پیشرفت سامنے آئی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا ماحول مثبت رہا اور تمام فریقوں نے لبنان میں جنگ بندی کو مؤثر اور پائیدار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے علاوہ لبنان میں کشیدگی کم رکھنے اور امن و استحکام برقرار رکھنے کے طریقہ کار پر بھی بات چیت کی گئی۔
امریکی سفارتکار کے مطابق امریکہ نے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ وہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھلا اور محفوظ دیکھنا چاہتا ہے تاکہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل متاثر نہ ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیاسی قیادت اور تکنیکی ٹیموں کے درمیان آئندہ رابطوں کے فریم ورک پر بھی اتفاقِ رائے ہو گیا ہے، جبکہ مذاکرات میں شریک چاروں فریق آج ہونے والی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کر رہے ہیں۔



