ایران کی 7 روزہ جنگ بندی مسترد، ٹرمپ کا انتخابات کے بعد دوبارہ حملوں کا عندیہ

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے پیش کی گئی سات روزہ جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ وال سٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرمپ نے اپنے معاونین سے کہا ہے کہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر دوبارہ بمباری کا امکان موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کو اس بات پر شک ہے کہ تہران امریکی مطالبات تسلیم کرے گا، تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر کا مؤقف آنے والے ہفتوں میں تبدیل بھی ہو سکتا ہے، جبکہ ممکنہ دوبارہ فوجی کارروائی کی نوعیت اور شدت فی الحال واضح نہیں۔

ایرانی تجویز میں امریکی پابندیوں اور ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنے کے بدلے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور جوہری مذاکرات بحال کرنے کی پیشکش شامل تھی۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر بتایا تھا کہ تہران نے قطری ثالثوں کے ذریعے امریکا کو جنگ بندی کا منصوبہ پیش کیا ہے، جس کے تحت شرائط پوری ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز سات روز کے اندر دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی حکام کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان ثالثوں کے ذریعے بات چیت جاری ہے، تاہم وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کی آزادانہ طور پر فوری تصدیق نہیں ہو سکی۔

مزید خبریں

Back to top button