افغانستان سے ڈرون دراندازی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے، بلاول بھٹو

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان کی جانب سے پاکستان میں ڈرون کے ذریعے مبینہ دراندازی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کی حدود میں آنے والے ڈرون حملوں کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز خراج تحسین کی مستحق ہیں۔ ان کے مطابق سکیورٹی حکام نے تمام 8 ڈرونز کو اہداف تک پہنچنے سے قبل ہی ناکام بنایا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے جوابی کارروائی کے دوران افغانستان میں ڈرونز کے لانچ اور ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے 10 مقامات کو نشانہ بنایا اور حملے کا جواب دیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے افغان حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ وضاحت کریں کہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف حملے کیوں اور کیسے ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی ذمہ داری صرف حملوں سے لاتعلقی ظاہر کرنا نہیں بلکہ انہیں روکنا اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرنا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ افغانستان سے پاکستان کے خلاف مسلح کارروائیوں کا سلسلہ بند کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button