بھارت ریاستی سطح پر پروپیگنڈا اور دہشت گردی کی پشت پناہی میں ملوث ہے، صائمہ سلیم

نیویارک (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستانی کونسلر صائمہ سلیم نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر ریاستی سطح پر پروپیگنڈا اور دہشت گرد گروہوں کی مبینہ پشت پناہی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

صائمہ سلیم نے کہا کہ پاکستان بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی بھاری قیمت ادا کر چکا ہے۔ ان کے مطابق بھارت تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ سمیت مختلف دہشت گرد گروہوں کی مبینہ مالی معاونت کرتا ہے۔

پاکستانی سفارتکار نے کہا کہ پاکستان ان الزامات کے حوالے سے شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کر چکا ہے، جبکہ کلبھوشن یادیو اور نکھل گپتا کے مقدمات کو انہوں نے بھارت کے خلاف ثبوت قرار دیا۔

مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے صائمہ سلیم نے کہا کہ یہ خطہ نہ ماضی میں بھارت کا اٹوٹ انگ تھا، نہ ہے اور نہ کبھی ہوگا۔ ان کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جہاں عوام بنیادی حقوق اور حق خودارادیت سے محروم ہیں۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ بھارت میں ہندوتوا نظریے کو ریاستی پالیسی کا حصہ بنایا جا رہا ہے اور اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں، کے خلاف امتیازی رویے میں اضافہ ہو رہا ہے۔

صائمہ سلیم کا کہنا تھا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش کی اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن، باہمی احترام، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کی صورت میں اپنا دفاع کرے گا۔ ان کے بقول پاکستان جنگ کا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہتا اور پائیدار طاقت جنگوں کے بجائے امن قائم کرنے اور اس کے دفاع کی صلاحیت میں ہے۔

مزید خبریں

Back to top button