جوز بٹلر انجری کے باعث سری لنکا کے خلاف فیصلہ کن ون ڈے سے باہر

لندن (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر بائیں ہیمسٹرنگ کی انجری کے باعث سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے فیصلہ کن میچ سے باہر ہوگئے۔
اوول میں شیڈول میچ میں جوز بٹلر کی جگہ جارڈن کاکس کے وکٹ کیپنگ کی ذمہ داری سنبھالنے کا امکان ہے، جبکہ ڈین لارنس کو اضافی کور کے طور پر انگلش سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
بٹلر کو ہیڈنگلے میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے کے دوران رن لینے کی کوشش میں بائیں ہیمسٹرنگ میں تکلیف ہوئی تھی۔ انجری کے باوجود انہوں نے مزید دو گیندوں کا سامنا کیا، تاہم بعد ازاں ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔
جوز بٹلر نے دوسرے ون ڈے میں 69 رنز کی انفرادی اننگز کھیلی، جو تین سال کے دوران ون ڈے کرکٹ میں ان کا سب سے بڑا سکور تھا، تاہم انگلینڈ کو میچ میں 16 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انگلش ٹیم کے مطابق بٹلر کی انجری کی شدت کا فی الحال مکمل اندازہ نہیں ہوسکا، جبکہ آئندہ ہفتے ایم آر آئی اسکین کے بعد صورتحال مزید واضح ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب ڈین لارنس کو پاکستان کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں کارکردگی کے بعد سکواڈ میں طلب کیا گیا ہے۔ وہ رواں سیزن میں سرے کی جانب سے اپنی چھٹی فرسٹ کلاس سنچری بھی بنا چکے ہیں۔



