جنگ مسلط کی گئی تو پچھلے سال والا حشر کریں گے، خواجہ آصف

نیویارک (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو گزشتہ سال کی طرح بھرپور جواب دیا جائے گا، تاہم امن ہمیشہ پاکستان کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے بعد پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم نے عالمی برادری سے جامع انداز میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا اور امن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی افغان پالیسی کے حوالے سے بوئے گئے کانٹے موجودہ حکومت چن رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا رویہ منافقانہ ہے اور اس سے اچھے رویے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارت پاکستان کا ازلی دشمن ہے اور اس سے اسی نوعیت کے رویے کی توقع رکھنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے کی امریکا کے لیے پروازیں بھی بحال کی جائیں، ان شاء اللہ 6 ماہ کے اندر پی آئی اے کی امریکا کے لیے پروازیں بحال ہو جائیں گی۔



