امریکا ایران مذاکرات میں معاشی معاملات مرکزی نکتہ بن گئے، سابق امریکی سفیر

نیویارک(ویب ڈیسک) عمان میں امریکہ کے سابق سفیر رچرڈ شمیرر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں معاشی معاملات کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگئی ہے۔

الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے رچرڈ شمیرر کا کہنا تھا کہ امید ہے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کا معاہدہ طے پا جائے گا، جس کے بعد امریکا ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی بھی ختم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگلا مرحلہ مالیاتی معاہدے تک پہنچنا ہوگا، جس میں ایران پر عائد پابندیوں کا خاتمہ اور تہران کے منجمد اثاثوں کی واپسی شامل ہوگی۔

سابق امریکی سفیر کے مطابق معاشی معاملات اب ڈیل کا مرکزی نکتہ بن چکے ہیں، اس کے بعد جوہری مسئلے پر بات ہوگی، جبکہ دونوں ممالک کسی نہ کسی سمجھوتے تک پہنچ سکتے ہیں۔

رچرڈ شمیرر نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ سفارتی راستہ اختیار کرنا چاہتے ہیں جبکہ اسرائیل اب بھی مسئلے کا فوجی حل ممکن سمجھتا ہے، امریکا کوشش کرے گا کہ لبنان پر حملوں میں مزید اضافہ نہ ہو۔

مزید خبریں

Back to top button