ارمیلا ماتونڈکر اور رام گوپال ورما کی خفیہ شادی کا دعویٰ، بھارتی صحافی کے انکشاف نے ہلچل مچا دی

ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی صحافی کے ایک دعوے نے بولی وڈ حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس میں معروف اداکارہ ارمیلا ماتونڈکر اور فلمساز رام گوپال ورما کی مبینہ خفیہ شادی کا ذکر کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1990 کی دہائی میں دونوں شخصیات کے درمیان تعلقات کی افواہیں گردش کرتی رہی تھیں، تاہم اب سینئر صحافی جیوتی وینکٹیش نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور انہوں نے خفیہ طور پر شادی بھی کی تھی۔

صحافی کے مطابق معروف اداکار چرن جیوی نے انہیں مبینہ شادی کے بارے میں بتایا تھا۔ جیوتی وینکٹیش کا کہنا ہے کہ چرن جیوی نے سوال کیا کہ بطور صحافی آپ ہر خبر لکھتے ہیں تو پھر رام گوپال ورما اور ارمیلا ماتونڈکر کی شادی کے بارے میں کیوں نہیں لکھا؟

صحافی کے دعوے کے مطابق چرن جیوی نے بتایا کہ مبینہ شادی آندھرا پردیش کے ایک مندر میں ہوئی تھی اور رسومات ادا کرنے والے پنڈت کا رابطہ نمبر بھی فراہم کیا گیا تھا۔

جیوتی وینکٹیش کے مطابق وہ یہ خبر شائع کرنے کے لیے تیار تھے، تاہم تصدیق کے لیے انہوں نے ارمیلا ماتونڈکر سے رابطہ کیا۔ صحافی کا دعویٰ ہے کہ گفتگو کے دوران اداکارہ جذباتی ہوگئیں اور انہوں نے خبر شائع کرنے پر اعتراض کیا۔

صحافی کے مطابق انہوں نے رام گوپال ورما سے بھی رابطہ کیا، تاہم فلمساز نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔

جیوتی وینکٹیش کا کہنا ہے کہ ارمیلا ماتونڈکر اس تعلق کو شادی کے ذریعے باضابطہ بنانا چاہتی تھیں، تاہم رام گوپال ورما اس قدم کے لیے تیار نہیں تھے، جس کے باعث دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے ارمیلا ماتونڈکر یا رام گوپال ورما کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق یا بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ یہ دعویٰ صرف صحافی کے بیان پر مبنی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button