’’میں نے جو کیا بالکل درست کیا‘‘ایران پر حملوں کا دفاع، ٹرمپ کا دوٹوک اعلان

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں شہریوں کو نشانہ بنانے کے حوالے سے امریکی کارروائیوں کے دفاع میں دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے اپنے فیصلے کو درست قرار دے دیا۔
ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے متعلق اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں نے جو کیا، بالکل درست کیا۔ مجھے اپنے فیصلے پر خوشی ہے۔‘‘
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے یہ اقدام ضروری تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر امریکا نے کارروائی نہ کی ہوتی تو صورتحال مختلف ہوتی اور دنیا کو ایران کے سامنے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا ایران جنگ میں پہلے ہی کامیابی حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے معاملے پر فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا تھا اور امریکا اس جنگ میں اپنی برتری ثابت کرچکا ہے۔امریکی صدر نے گفتگو کے دوران یوکرین جنگ ختم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔مصنوعی ذہانت کے ممکنہ خطرات سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ اگر اے آئی انسانیت کے خلاف گئی تو اسے روکنے کے لیے کوئی نہ کوئی راستہ موجود ہوگا۔ٹرمپ کے ان بیانات نے ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں، شہریوں کی ہلاکتوں اور خطے میں بڑھتی کشیدگی سے متعلق بحث کو مزید شدت دے دی ہے۔



