خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف سازش کے تحت بیانیہ بنایا جا رہا ہے،آفتاب عالم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا ہے کہ یہ لوگ کے پی حکومت کے خلاف مذموم سازش کے تحت بیانیہ بنا رہے ہیں، ایمرجنسی اور گورنر راج کے تجربے ماضی میں بھی ہوچکے، نتائج بہت بھیانک ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے آفتاب عالم نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ لانگ مارچ ختم نہیں کرتے تو ہم ایمرجنسی لگادیں گے، دوسرے وزیر کہتے ہیں کہ دہشت گردی کے معاملات میں تعاون نہیں کرتے تو اس لیے ایمرجنسی لگا رہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہ خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف مذموم سازش کے تحت بیانیہ بنایا جا رہا ہے، ہمارا موقف واضح ہے کہ وفاق سے پہلے دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری جنگ ہے۔
آفتاب عالم نے کہا وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہم یہ جنگ 2001سے لڑ رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں۔
انھوں نے کہا ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ ہمارے مطالبات غیرآئینی یا غیرقانونی نہیں، نہیں لگتا کہ وفاقی حکومت کسی بھی طرح سنجیدہ ہے، ان کا تو اختیار ہی نہیں، اگر یہ سنجیدہ ہوتے تو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ پورا کردیتے۔
آفتاب عالم نے کہا انٹلی جنس بیسڈ آپریشن کی کسی نے مخالفت نہیں کی، پی ٹی آئی کی لیڈرشپ قربانیاں دے رہی ہے ہمارے ایم پی ایز اور ورکر شہید اور اغوا ہوئے، بھتے اور دیگر معاملات میں ہمارے لوگوں سے زیادتیاں ہوئیں۔
انھوں نے کہا ہم دہشت گردوں کی مذمت بھی کرتے رہے، کھل کر بھی ان کے خلاف سامنے آئے، کیا زبانی مذمت پر اثر ہوگی یا ایکشن، حکومتیں ایکشن سے مقابلہ کرتی ہیں، یہ ذمہ داری وفاق کی بنتی ہے انھوں نے کبھی ذمہ داری لی۔



