وزیرآباد:تاج گارڈن ہاؤسنگ اسکیم کے مین پارک میں شجرکاری مہم کا آغاز،شہریوں اور وکلا کی بھرپور شرکت

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) سرسبز صحت مند اور خوبصورت ماحول کے فروغ کے لیے ایک قابلِ ستائش اقدام کے تاج گارڈن ہاؤسنگ اسکیم، فیز نمبر 1، سیالکوٹ روڈ، وزیرآباد کے مین پارک میں ایک اراوکاریا (Araucaria) درخت سمیت متعدد پودے لگائے گئے۔شجرکاری مہم میں احسان اللہ رانجھا ایڈووکیٹ،محمد ریاض چٹھہ ایڈووکیٹ، بشارت علی سندھو ایڈووکیٹ، راجہ خالد حسین، محمد عارف بھٹی، افتخار حسین صدیقی، اور دیگر معزز اہلِ علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔اس موقع پر شرکاء نے درخت لگانے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شجرکاری ماحولیاتی تحفظ، آلودگی میں کمی، ہوا کے معیار میں بہتری اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار مستقبل کی ضمانت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ درخت لگانا نہ صرف ہماری سماجی ذمہ داری ہے بلکہ عوامی مقامات کو خوبصورت بنانے اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔یہ مہم ٹی ڈبلیو سی یوگا ایگل زون وزیرآباد کے ماحولیاتی تحفظ اور عوامی فلاح و بہبود کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ شرکاء نے معزز وکلاء اور اس نیک مقصد میں حصہ لینے والے تمام افراد کی کاوشوں کو سراہا۔شرکاء نے امید ظاہر کی کہ ایسی مثبت سرگرمیاں مزید لوگوں کو اپنے گھروں اور محلوں میں درخت لگانے کی ترغیب دیں گی، جس سے ایک صاف، سرسبز اور صحت مند پاکستان کے خواب کو حقیقت کا روپ دیا جا سکے گا۔آج ایک درخت لگائیں، کل کو بہتر بنائیں۔



