ون وے کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، پنجاب کے 6 بڑے شہروں میں 222 مقامات پر اے این پی آر کیمرے لگانے کا فیصلہ


لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں ون وے کی خلاف ورزیوں اور ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے لاہور سمیت 6 بڑے شہروں کے 222 ہاٹ سپاٹ مقامات پر اے این پی آر (ANPR) کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ میں ٹریفک حادثات کی شرح سب سے زیادہ ہے، جہاں صوبے کے مجموعی حادثات کا تقریباً 70 فیصد رونما ہوتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ون وے کی خلاف ورزی حادثات کی بڑی وجوہات میں دوسرے نمبر پر ہے۔
اس مقصد کے لیے متعلقہ ہاٹ سپاٹ مقامات کی نشاندہی کر کے سیف سٹیز اتھارٹی کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے، جس میں ان مقامات پر اے این پی آر کیمروں کی تنصیب کی سفارش کی گئی ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق اگر فوری طور پر اے این پی آر کیمرے دستیاب نہ ہوئے تو ان کی جگہ پورٹیبل کیمرے نصب کیے جائیں گے تاکہ نگرانی کا عمل متاثر نہ ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ کیمروں کی تنصیب کے بعد 24 گھنٹے نگرانی ممکن ہوگی، ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کی خودکار نشاندہی کی جائے گی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان اور جرمانے جاری کیے جائیں گے۔