صحافیوں کوہراساں کرنےاورجھوٹے مقدمات کیخلاف ٹھٹھہ بھرمیں احتجاج

ٹھٹھہ(رپورٹ:جاويد لطيف ميمن)گھوڑا باری کے صحافی عبداللہ چانڈیو کو پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور غلام اللہ کے صحافی پیرل پیاسی کو گرفتار کرکے ان پر جھوٹا مقدمہ درج کرنے کے خلاف حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس (HUJ) کی اپیل پر ضلع ٹھٹھہ کے تمام پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

حیدرآباد یونین آف جرنلسٹس یونٹ ٹھٹھہ کی جانب سے جاری احتجاجی تحریک کے سلسلے میں پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت ایچ یو جے ضلع صدر شبیر بھٹی، پریس کلب ٹھٹھہ کے صدر اقبال جاکھرو، عوامی تحریک ضلع ٹھٹھہ کے صدر رزاق چانڈیو، اعجاز وریو، اسماعیل میمن، رشید جاکھرو، منصور جلالانی، رحمت اللہ چھتو، مرزا حسن بیگ، اکبر دلواڑی، سارنگ چانڈیو اور دیگر نے کی۔ مظاہرین نے بعد ازاں قومی شاہراہ پر ریلی بھی نکالی۔

اسی طرح پریس کلب مکلی، عوامی پریس کلب، جھمپیر، جنگشاہی، گجو، دابیجی، گھارو، نیشنل پریس کلب گھارو، میرپور ساکرو، گھوڑا باری اور گاڑھو سمیت ضلع بھر کے مختلف شہروں میں صحافیوں اور سماجی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔ مظاہرین نے صحافی پیرل پیاسی کی گرفتاری اور صحافی عبداللہ چانڈیو کو دورانِ رپورٹنگ ہراساں کیے جانے کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا۔

احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ٹھٹھہ پولیس منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کے بجائے صحافیوں کو نشانہ بنا رہی ہے اور انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صحافی پیرل پیاسی کو غلام اللہ شہر سے گرفتار کرکے جھمپیر تھانے میں ان کے خلاف آئس (منشیات) کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا، جبکہ گھوڑا باری کے صحافی عبداللہ چانڈیو کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ہراساں کیا گیا۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ صحافی پیرل پیاسی کے خلاف درج مقدمہ فوری طور پر ختم کیا جائے، انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور صحافی عبداللہ چانڈیو کو ہراساں کرنے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صحافیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ نہ کیا گیا تو 23 جون کو پریس کلب ٹھٹھہ کے سامنے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button