تھرکول بلاک ون کے متاثرہ گاؤں وروائی کے مکینوں کا سندھ ریسورسز کول کمپنی کے خلاف احتجاج

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) تھرکول بلاک ون کے متاثرہ گاؤں وروائی کے رہائشیوں نے اپنے حقوق کے حصول اور مبینہ ناانصافیوں کے خلاف پریس کلب اسلام کوٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج کی قیادت علیم لنجو، سبحان لنجو، عزیز لنجو، دلاور لنجو، ٹلو میگھواڑ، والم میگھواڑ اور لڌو کولہی نے کی، جبکہ بڑی تعداد میں مقامی افراد بھی مظاہرے میں شریک ہوئے۔ مظاہرین نے سندھ ریسورسز کول کمپنی (SRCC) پر الزام عائد کیا کہ تھرکول بلاک ون میں مختلف پالیسیوں اور قواعد و ضوابط کے نفاذ کے دوران اصل متاثرہ خاندانوں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جبکہ بااثر اور من پسند افراد کو مالی فوائد، مراعات اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ احتجاج کے دوران مقررین کا کہنا تھا کہ گاؤں وروائی کے متعدد اصل متاثرین آج بھی معاوضوں، روزگار اور دیگر بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ بعض ایسے افراد کو بھی متاثرین کی فہرستوں میں شامل کرکے ادائیگیاں کی گئی ہیں جو مقامی رہائشی نہیں ہیں، جبکہ حقیقی متاثرین کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ مظاہرین نے مزید دعویٰ کیا کہ متاثرین کی فہرستوں اور معاوضوں سے متعلق معلومات کو خفیہ رکھا جا رہا ہے، جس کے باعث شفافیت کا فقدان ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سیاسی اثر و رسوخ اور اقربا پروری کے ذریعے غریب اور مستحق خاندانوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔ احتجاجی مظاہرین نے حکومت سندھ، متعلقہ اداروں اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ تھرکول بلاک ون میں متاثرین کے معاملات کی شفاف، غیر جانبدارانہ اور جامع تحقیقات کرائی جائیں، متاثرین کی مکمل فہرستیں منظر عام پر لائی جائیں اور اصل متاثرہ خاندانوں کو ان کے جائز حقوق، معاوضے اور دیگر سہولیات فوری طور پر فراہم کی جائیں۔ مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ احتجاج میں شریک افراد نے انصاف، شفافیت اور متاثرین کے حقوق کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

مزید خبریں

Back to top button