ایم ڈی کیٹ نتائج میں تھرپارکر کے طلبہ چھا گئے،ٹاپ20میں کراچی کاکوئی طالبعلم شامل نہ ہوسکا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) سندھ کے سرکاری و نجی میڈیکل کالجز اور جامعات میں داخلوں کے لیے منعقدہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج میں تھرپارکر کے طلبہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب کو حیران کردیا۔

آئی بی اے سکھر کے تحت منعقد کیے گئے ایم ڈی کیٹ کے نتائج کے مطابق ٹاپ 20 امیدواروں میں کراچی کا ایک بھی طالب علم جگہ نہ بنا سکا، جبکہ تھرپارکر کے 5 امیدوار ٹاپ 20 میں شامل رہے۔

تھرپارکر سے تعلق رکھنے والے ان امیدواروں نے 180 میں سے 176 سے 179 نمبر حاصل کرکے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔

نتائج کے مطابق ابتدائی 50 امیدواروں میں بھی تھرپارکر کے 12 طلبہ شامل ہیں، جس کے باعث ٹاپ 50 میں ضلع کا حصہ 24 فیصد رہا، جبکہ کراچی کے صرف 7 امیدوار اس فہرست میں جگہ بنا سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق ٹاپ 100 امیدواروں میں کراچی کے 18، ٹاپ 200 میں 37، ٹاپ 500 میں 111 جبکہ ٹاپ 1000 امیدواروں میں کراچی کے 210 طلبہ شامل ہیں۔

مجموعی طور پر سندھ بھر سے 33 ہزار 336 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ میں شرکت کی، جن میں سے 16 ہزار 507 امیدوار کامیاب قرار پائے اور صوبے میں کامیابی کی مجموعی شرح 49.5 فیصد رہی۔

کراچی سے 9 ہزار 505 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، جن میں سے 5 ہزار 492 کامیاب ہوئے، یوں کراچی میں کامیابی کی شرح 57.8 فیصد رہی۔ کراچی ایسٹ میں کامیابی کی شرح 62 فیصد، کراچی سینٹرل میں 59.9 فیصد جبکہ تھرپارکر میں 59.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

تھرپارکر سے 1027 امیدواروں میں سے 613 کامیاب ہوئے۔ لاڑکانہ میں 1410 میں سے 623، میرپورخاص میں 1262 میں سے 571، سکھر میں 984 میں سے 503 جبکہ حیدرآباد میں 1611 میں سے 652 امیدوار کامیاب قرار پائے۔

اسی طرح خیرپور میں 2189 میں سے 970، دادو میں 1441 میں سے 669، شہید بینظیر آباد میں 1485 میں سے 630 جبکہ ٹھٹھہ میں 398 میں سے 181 امیدوار کامیاب ہوئے۔

ایم ڈی کیٹ میں ایم بی بی ایس پروگرام میں داخلے کے لیے 180 میں سے 99 پاسنگ مارکس مقرر کیے گئے تھے۔

مزید خبریں

Back to top button