تھرپارکر میں عوامی مسائل دہلیز پر حل کرنے کیلئے شکایتی سیل قائم کرنے کا فیصلہ

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ مؤثر حکمتِ عملی تیار کر رہی ہے، جس کے تحت ڈی سی آفس اور متعلقہ سرکاری محکموں میں شکایتی سیل قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے یہ بات ریسٹ ہاؤس چھاچھرو میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے پانی کی قلت، سرکاری و گاؤچر اراضی پر قبضوں، سڑکوں کی خستہ حالی، صفائی، اسپتال میں ادویات کی کمی، نکاسیٔ آب، منشیات کے فروخت و استعمال اور نادرا دفتر میں عملے کی کمی سمیت مختلف مسائل پیش کیے۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو مسائل کے فوری حل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گاؤچر اور سرکاری زمینوں پر قائم تجاوزات فوری ختم کرکے رپورٹ پیش کی جائے، جبکہ عوامی شکایات کے ازالے میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اس موقع پر ایس ایس پی تھرپارکر عارف عزیز نے کہا کہ پولیس کے دروازے عوام کے لیے کھلے ہیں اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے منشیات اور دیگر جرائم کے خاتمے کے ساتھ اسکولوں کی چھٹی کے اوقات میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کرنے کی ہدایت کی۔کہلی کچہری میں ڈاھلی۔ چھاچھرو تعلقہ کے عوام کے علاوہ تمام آفسران نے شرکت کی ۔



