تھرپارکر میں مون سون بارشوں کے دوران ڈپٹی کمشنر کا ہائی الرٹ، افسران کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) مون سون کی جاری بارشوں کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے ضلع بھر کے تمام سرکاری محکموں کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے تمام افسران اور ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ پیشگی اجازت کے بغیر اپنا ہیڈکوارٹر نہ چھوڑیں اور اپنی ذمہ داریاں انجام دینے کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں۔
اتوار کے روز جاری کیے گئے ایک سرکاری اعلامیے میں ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری اداروں کے افسران کو خبردار کیا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت یا فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور اگر کسی محکمے کی لاپرواہی کے باعث کوئی ناخوشگوار صورتحال پیدا ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ صحت، پی پی ایچ آئی اور ریسکیو 1122 کے عملے کو ہدایت کی کہ وہ چوبیس گھنٹے فیلڈ میں دستیاب رہیں اور عوام سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ کسی بھی علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کی صورت میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے ٹی ایم اوز اور چیف میونسپل افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے لیے مؤثر اقدامات کریں اور ضلع بھر میں امدادی سرگرمیوں کو بہتر انداز میں یقینی بنائیں۔



