امریکی طیارہ ہائی وے پر گرکر تباہ ،ایک شخص ہلاک

ٹیکساس (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک چھوٹا نجی طیارہ ہائی وے پر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نجی طیارہ ٹیکساس کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد ہائی وے پر گر کر تباہ ہوا۔ طیارے میں مجموعی طور پر 6 افراد سوار تھے۔
حکام کے مطابق حادثے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب چند روز قبل امریکی ریاست میسوری میں بھی ایک المناک فضائی حادثے میں 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ بٹلر، میسوری کے قریب پیش آنے والے اس حادثے میں طیارے میں سوار تمام 11 اسکائی ڈائیورز اور پائلٹ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
دوسری جانب امریکی میرین کور کا ایک ایف اے 18 ہارنیٹ جنگی طیارہ بھی واشنگٹن میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق جنگی طیارے کے پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کر کے اپنی جان بچا لی، تاہم معمولی زخمی ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ تمام حالیہ فضائی حادثات کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔



