بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کابڑا آپریشن،19دہشتگرد ہلاک،صوبیدار محمد جمیل شہید

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے) بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 19 دہشتگرد ہلاک کردیے گئے، جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 39 سالہ صوبیدار محمد جمیل شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 21 ستمبر کو کوئٹہ کے علاقے شابان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جہاں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔ کارروائی کے دوران 13 دہشتگرد ہلاک کیے گئے جبکہ دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے.

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد مقامی آبادی کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔ آپریشن کے دوران ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جبکہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب 22 اور 23 ستمبر کو کیچ اور کوئٹہ کے علاقوں میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے الگ الگ آپریشنز کے دوران مزید 6 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں صوبیدار محمد جمیل شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 19 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں فورسز کی مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہیں۔

وزیراعظم نے شہید صوبیدار محمد جمیل کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button