سیلز ٹیکس چوری اور سمگلنگ روکنے کیلئے ایف بی آر کا بڑا اقدام، رجسٹرڈ ٹرکوں کے بغیر سامان کی ترسیل محدود کرنے کی تجویز

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) آئندہ مالی سال سے سیلز ٹیکس چوری اور مبینہ سمگلنگ کی روک تھام کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) جدید نگرانی اور ٹریکنگ نظام متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت ملک بھر میں تجارتی سامان کی ترسیل صرف ایف بی آر سے رجسٹرڈ ٹرکوں کے ذریعے ممکن ہوگی، جبکہ غیر رجسٹرڈ کمرشل گاڑیوں کے موٹرویز، جی ٹی روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر داخلے پر پابندی عائد کیے جانے کی تجویز زیر غور ہے۔

منصوبے کے مطابق تمام کمرشل گاڑیوں پر خصوصی کارگو ٹریکنگ ٹیگز نصب کیے جائیں گے، جن کے ذریعے ان کی نقل و حرکت اور سامان کی ترسیل کی مسلسل نگرانی کی جا سکے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹریاں اور صنعتی یونٹس بھی صرف ایف بی آر سے رجسٹرڈ ٹرکوں میں ہی سامان لوڈ کرنے کے پابند ہوں گے، جبکہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانوں اور قانونی کارروائی کی تجاویز بھی تیار کی جا رہی ہیں۔

نئے نظام کے تحت کمرشل ٹرانسپورٹ کو ایف بی آر کے مرکزی ڈیٹا سسٹم سے منسلک کیا جائے گا، جس سے ہر گاڑی اور اس کے ذریعے منتقل کیے جانے والے سامان کا مکمل ریکارڈ دستیاب ہوگا۔

حکام کے مطابق اس اقدام سے سیلز ٹیکس چوری میں نمایاں کمی، سمگلنگ کی روک تھام اور کسٹمز ریونیو میں اضافے کی توقع ہے، جبکہ قومی خزانے کو سالانہ اربوں روپے کا فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق منصوبے پر مرحلہ وار عملدرآمد آئندہ مالی سال کے دوران شروع کیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button