ایف نائن پارک میں ایک بھی درخت نہیں کاٹا جائے گا، کوئی نیا کنکریٹ ڈھانچہ بھی نہیں بنے گا، محسن نقوی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں نہ تو ایک بھی درخت کاٹا جائے گا اور نہ ہی کوئی نیا کنکریٹ کا ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ ایف نائن پارک اسلام آباد کے ہر شہری کے دل میں خصوصی مقام رکھتا ہے۔ پارک کو مزید خوبصورت، سرسبز اور محفوظ بنانے کے لیے مختلف سہولیات بہتر کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ پارک میں روشنی کے بہتر انتظامات، خوبصورت جھیل، کافی شاپس اور پیدل چلنے کے لیے بہتر راستے بنائے جائیں گے، جبکہ ہزاروں نئے درخت بھی لگائے جائیں گے۔وزیر داخلہ کے مطابق ان اقدامات کا مقصد ایف نائن پارک کو خاندانوں اور دیگر شہریوں کے لیے مزید پُرکشش، محفوظ اور تفریح کے لیے بہتر مقام بنانا ہے۔



