راولپنڈی:بینظیر بھٹو اسپتال میں زچگی کے دوران دو بچوں کی ہلاکت،ماں آئی سی یو منتقل،مبینہ غفلت کی تحقیقات کا مطالبہ

راولپنڈی(جانو ڈاٹ پی کے)راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال میں زچگی کے دوران دو بچوں کی ہلاکت کے بعد 18 سالہ ماں اقرا کی حالت تشویش ناک ہوگئی، جسے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) منتقل کردیا گیا۔ اہل خانہ نے مبینہ طبی غفلت اور ڈیوٹی پر سینئر ڈاکٹر کی عدم موجودگی کا الزام عائد کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹیکسلا سے تعلق رکھنے والی اقرا کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سینئر ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کے باعث کیس جونیئر ڈاکٹرز کے حوالے کیا گیا، جس سے صورتحال بگڑ گئی۔
دوسری جانب اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شرجیل شیخ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ زچگی سے قبل الٹراساؤنڈ کے ذریعے ماں کے پیٹ میں ہی بچوں کی موت کی تصدیق ہوچکی تھی۔
ایم ایس کے مطابق اہل خانہ کی جانب سے درخواست موصول ہوگئی ہے، جس پر انکوائری کرائی جائے گی تاکہ واقعے کے حقائق سامنے آسکیں۔



