آزادی آئینی اقدار کی پاسداری اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری بھی لاتی ہے، چیف جسٹس

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سپریم کورٹ میں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے قومی پرچم لہرایا اور سپریم کورٹ کے ملازمین کے بچوں کے ساتھ جشنِ آزادی کی خوشیاں منائیں۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بچوں سے ملاقات کی اور ان میں تحائف بھی تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی صرف جشن منانے کا نام نہیں بلکہ آئینی اقدار کی پاسداری اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری بھی ساتھ لاتی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ریاستی اداروں پر شہریوں کا اعتماد مضبوط بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ عدلیہ کا فرض ہے کہ اپنی آزادی، غیر جانب داری اور دیانت داری کو برقرار رکھے اور ہر شہری کو انصاف تک مساوی رسائی فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کے لیے انصاف قابلِ رسائی، بروقت اور بامعنی ہونا چاہیے۔ مضبوط ادارے، بہتر عوامی خدمات، انصاف اور شفافیت عوامی اعتماد کے لیے ناگزیر ہیں۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا تھا کہ قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے کے لیے اداروں پر عوامی اعتماد کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں سے وابستگی کی تجدید کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ طرزِ حکمرانی اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا، جبکہ ہر شہری کے وقار اور بنیادی حقوق کا احترام یقینی بنانا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پُرامن، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی تعمیر ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button