ہاری کارڈ کے لیے بنک آنے والے ہاریوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں،ڈپٹی کمشنر سکھر

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی سربراہی میں تعلقہ پنو عاقل میں ہاری کارڈ کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ایگریکلچر، ریجنل مینیجر سندھ بینک، اسسٹنٹ کمشنر پنو عاقل اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی سکھر نے ہاری کارڈ کے اجرا، عوام کی سہولت، اور سروس ڈلیوری میں بہتری کے حوالے سے متعلقہ محکموں سے تفصیلی بریفنگ لی۔
ڈی سی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہاری کارڈ کے لیے آنے والے عام شہریوں اور ہاریوں کو کسی قسم کی تکلیف، تاخیر یا غیر ضروری پریشان نہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہاری کارڈ کے عملدرآمد کے متعلق ڈائریکٹر ایگریکلچر اور سندھ بینک کے ریجنل مینیجر کو فوری اقدامات کرنے اور خدمات کو عوام دوست بنانے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایگریکلچر محکمہ درخواست گزاروں کی مکمل رہنمائی کرے اور پورا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے۔
ڈی سی سکھر نے ریجنل مینیجر سندھ بینک کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ بینک کے تمام مقررہ کاؤنٹرز پر ہاری کارڈ کے لیے آنے والے ہاریوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام سے غیر ضروری دستاویزات طلب نہ کیے جائیں اور نہ ہی کسی قسم کا غیر قانونی مطالبہ کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان نے اسسٹنٹ کمشنر پنو عاقل کو ہدایت کی کہ پورے عمل کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے اور رپورٹ ڈپٹی کمشنر آفس کو ارسال کی جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو واضح ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غفلت، سستی یا شکایت کی صورت میں فوری اصلاح کی جائے، ورنہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ ہاریوں کی سہولت کے لیے ایک ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے، جہاں عملہ مکمل رہنمائی اور معلومات فراہم کرے۔



